آپریشن وعدہ صادق 1 اور 2 شہید تہرانی مقدم کی کوششوں کا نتیجہ ہے، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بیان
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 1 اور 2 شیطانی اور بھیڑیا صفت صہیونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کے خلاف ایران کا طاقتور اور تاریخی جواب ہے جو بیت المقدس کی آزادی کے راستے میں شہید تہرانی مقدم اور ان کے عظیم ساتھیوں کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سحرنیوز/ایران: پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے بیان میں ایران میں راکٹ ٹیکنالوجی کے ماہر اور بانی شہید تہرانی مقدم کی شہادت کی 13ویں برسی کی مناسبت سے کہا گیا ہے کہ ہم خداوند متعال کا شکر ادا کرتے ہیں کہ متقی، پارسا اور نامور سائنسدان شہید حسن تہرانی مقدم کی شہادت کے 13 سال گزرنے کے بعد پاسداران انقلاب اسلامی، میزائل ٹیکنالوجی میں ان کی محنت اور کاوشوں کی گواہ ہے۔ ہم ملک کے مستقبل کے حوالے سے ان کے علم اور صلاحیت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ شہید تہرانی مقدم نے اللہ تعالیٰ پر ایمان اور خالص اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کے نتیجے میں دفاعی اور عسکری میدان میں سائنس و ٹیکنالوجی کی چوٹیوں کو فتح کرنے کا راستہ ہموار کیا۔ آیت "واعدوا لهم مااستطعتم من قوه" ہمارے ملک کے سائنسی اور تکنیکی نظام میں نئی ٹیکنالوجی کی تخلیق کی بنیاد بنی۔
پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں وعدہ صادق آپریشن 1 اور 2 کو شیطانی صفت بھیڑیا نما صہیونی حکومت کی برائیوں اور جرائم کے خلاف ایران کا طاقتور اور تاریخی ردعمل قرار دیتے ہوئے اسے شہید تہرانی مقدم اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے اور بیت المقدس کی آزادی کی راہ پر گامزن رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے واضح کیا کہ انقلاب اور ولایت فقیہ کے راستے سے شہید تہرانی مقدم نے جو سبق سیکھا وہ آج ملک کی سلامتی، ترقی اور ایرانی معاشرے کی پیشرفت کی بنیاد ہے۔ "انقلاب کا دوسرا مرحلہ" جو بلند اہداف کو پہچاننے اور ان کے حصول کے لیے بہتر طریقوں کے بارے میں ہے اور اس میں کوشش، انتھک محنت اور شارٹ کٹ سے مطمئن نہ ہونے پر زور دیا گیا ہے۔