ایران میں نئی پیشرفتہ سینٹری فیوج مشینوں کی لانچنگ کا عمل شروع
اسلامی جمہوریہ ایران نے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی معاندانہ قرار داد کے جواب میں فوری اور ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے نئی پیشرفتہ سینٹری فیوج مشینوں کی لانچنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے عوامی رضاکار فورس بسیج کے خصوصی ہفتے کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے اس خبر کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی اس سیاسی زیادتی پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ردعمل کو فوری طور پر ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور نئے اور جدید سینٹری فیوجز کے اجراء کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
قالیباف نے کہا کہ ایسے سیاسی اور غیر تعمیری فیصلوں کا تسلسل، در حقیقت ممالک کو اپنی قومی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ایجنسی کے پروٹوکول سے باہر نکل کر کچھ اقدامات کرنے پر اکساتا ہے۔
ایران کے اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ تنظیم اور حالیہ قرارداد کے مخالف ممالک کے رہنما جو در حقیقت عمل کی آزادی اور بورڈ آف گورنرز کی تکنیکی ساکھ کی حفاظت اور حمایت کر رہے ہیں، وہ اس تنظیم پر تین یورپی ممالک اور امریکہ کے جابرانہ تسلط کو ختم کر دیں گے تاکہ ہمارے اور ایجنسی کے درمیان غیر سیاسی ماحول اور وعدوں کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بات چیت کی راہ ہموار ہو سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تین یورپی ممالک اور امریکہ کا حقیقت پسندی کے برخلاف تباہ کن سیاسی رویہ، بورڈ آف گورنرز میں ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں ایک بلاجواز اور غیر متفقہ قرارداد کے منظور ہونے کا باعث بنا۔