ترجمان وزارت خارجہ : ایران کی میزائل طاقت کے بارے میں فرانسیسی صدر کے بیان کی کوئی منطقی بنیاد نہيں
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کا ایران کی میزائل صلاحیت یا ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں تشویش کے اظہار کی کوئی منطقی بنیاد نہیں ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایک مقامی اخبار کے ساتھ انٹرویو میں فرانسیسی صدر کے دعووں کے بارے میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا: ایران کی میزائل صلاحیت یا ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں فرانسیسی صدر کی تشویش کی کوئی منطقی بنیاد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی میزائل صلاحیت اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی پالیسی کے تناظر میں ہے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف جائز دفاع کے فطری حق کے استعمال کے لئے ہے اور یہ صلاحیت ایران کی قومی سلامتی کے لئے ضروری ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح ایک ایسے ملک کی جانب سے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں بے بنیاد خدشات ظاہر کئے جانے کو ناقابل قبول قرار دیا جو خود وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا مالک ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے غاصب صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور نسل پرستی کے خلاف اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فرانس کی جانب سے کسی بھی سنجیدہ قدم سے پرہيز کا ذکر کرتے ہوئے اس ملک کی بین الاقوامی ذمہ داری کی طرف اشارہ کیا اور زور دیا کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے توجہ ہٹانے کی کوششوں سے حقائق بدل نہيں سکتے ۔