ایران، جزیرہ کیش میں بین الاقوامی فضائی اور ہوابازی کی صنعت کی نمائش
ایران کے جنوب میں واقع جزیرہ کیش میں بین الاقوامی فضائی اور ہوابازی کی صنعت کی نمائش کے بارہویں دور کا آغاز ہوگیا۔
سحرنیوز/ایران: جزیرہ کیش میں آج منگل سے شروع ہونے والی بین الاقوامی فضائی اور ہوا بازی کی صنعت کی نمائش کے بارہویں دور میں روس، چین، ملیشیا اور پاکستان کے نمائندوں سمیت ایک سو ستر ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں-
یہ نمائش جمعہ تک جاری رہے گی۔یہ نمائش آٹھ ہزار مربع میٹر علاقے میں منعقد کی گئی ہے کہ جس میں انواع و اقسام کے ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹر، ہوائی جہاز کے انجن ، ڈرون ، فضائی اور خلائی صنعتوں اور جدید سائنس و ٹکنالوجی پر مبنی مصنوعات کے شعبے میں پروڈکشن پیش کی گئی ہیں-اس نمائش کے پرکشش حصوں میں سے ایک جنگی طیاروں کی ایئر شو نمائش اور مختلف فضائی آپریشنز ہیں۔ اس نمائش میں لڑاکا طیارے ٹام کیٹ چودہ ایف ، فانٹوم فور ایف ، ميگ انتیس ، تربیتی جیٹ تھرٹی یاک ، صاعقہ فائٹر، یاسین ٹریننگ جیٹ اور سیمرغ ایئر ٹرانسپورٹ طیارے کے ساتھ ساتھ مختلف ہیلی کاپٹرز اور ہلکے اور الٹرا لائٹ طیارے بھی دیکھے جا سکتے ہيں-
اس کے علاوہ، کیش انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مضافاتی علاقے میں فضائی ایکروبیٹکس، اسکائی ڈائیونگ اور کم اونچائی پر پرواز کی بھی نمائش کی جائے گی-