حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے گنبد کی دھلائی اور ستھرائی
عید نوروز کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے گنبد مطہر کی صفائی اور دھلائی کا کام شروع ہو چکا ہے جو کہ چار دن تک جاری رہے گا۔
سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق گرد وغبار دور کرنے اور چمک دینے کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کے گنبد مطہر کی دھلائی اور صفائی کا عمل مؤرخہ 13 مارچ 2025 بروز جمعرات سے شروع کیا گیا جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے تعمیراتی اور بحالی ادارہ کے گیارہ ماہرین نے حصہ لیا، واضح رہے کہ یہ کام مکمل حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے ۔ اس مقصد کے لئے اسپیشل سیفٹی باڑ لگائی ہے اور اس نورانی گنبد کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانے کے لئے تمام ضروری اقدامات انجام دیئے گئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ گنبد مطہر کی صفائی اور دھلائی کا کام مؤرخہ16 مارچ2025 بروز اتوار تک مکمل کر لیا جائے گا اور سوموار کو گنبد کے اطراف میں لگائی گئی سیفٹی باڑ ہٹا دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے شمسی سال 1404 کے آغاز کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے خادمین صحنوں کو پھولوں سے سجا کر موسم بہار کا استقبال کر رہے ہیں تاکہ نوروز کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہونے والے زائرین اور مجاورین کی بہترین انداز میں میزبانی کی جا سکے۔