اقرأ قرآنی مقابلے 2025 میں پاکستانی قراء بازی مار لے گئے
گزشتہ شب بین الاقوامی قرآنی مقابلے اقرأ کے فائنل راؤنڈ میں پاکستانی قاریان کرام تینوں پوزیشن اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔
سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل سے سب سے زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر منتخب ہونے والے پانچ قاری حضرات کے درمیان ہفتے کی شب سخت مقابلہ ہوا۔ مقابلے میں قرعہ کے ذریعے قاریوں کے لیے آیات کا انتخاب عمل میں آیا جس کے بعد سبھی نے "لائیو" اپنی منتخب آیات کی تلاوت کو پیش کیا۔تلاوتوں کے بعد ججز کے جائزے اور ان کے دیے ہوئے پوائنٹس کی بنیاد پر تین ونرز کا انتخاب عمل میں آیا۔ سجاد زمانی 91.75 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد ذیشان اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ سید محمد یحیی نے 91.25 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ضیاء اللہ خواص خان اور حماد اللہ بالترتیب 89 اور 88 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ ابتدائی دو پوزیشن حاصل کرنے والے قاری حضرات کے پوائنٹس بالکل برابر رہے جن کے درمیان مقابلے کے قوانین کے تحت "نغمات و الحان" کے پوائنٹس کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد سجاد زمانی پہلے انعام جبکہ محمد ذیشان دوسرے انعام کے حقدار قرار پائے۔
سحر اردو ٹی وی نے اس سال انعامی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کے لیے 3000 یورو دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کے لیے 2000 یورو اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کے لیے 1000 یورو کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
اس سال مقابلے میں پاکستان ہندوستان اور برطانیہ کے قاری حضرات نے شرکت کی تاہم ہندوستان اور برطانیہ کے قراء فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔واضح رہے کہ اس سال اقرأ قرآنی مقابلے کا پانچواں سال تھا جو پہلی بار ایران کے سحر اردو ٹی وی کے علاوہ پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی ہوم کے ذریعے بھی نشر کیا گیا۔
قرآنی مقابلے کے ناظرین بالخصوص پاکستانی عوام نے دو مسلم، برادر اور پڑوسی ممالک کے اس اشتراک عمل کو ایک خوشایند اقدام قرار دیا ہے۔ قرآنی مقابلے اقرا کو فالو کرنے والے بعض پاکستانی ناظرین نے اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات اور میڈیا کے شعبے میں مشترکہ تعاون سے دونوں ممالک کے اقوام کے آپسی رشتوں کے مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے مستقبل میں مختلف شعبوں بالخصوص میڈیا کے شعبے میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے مزید فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کے تسلسل پر زور دیا۔