Jun ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • دشمن کی جارحیت ہمیں پیچھے نہیں ہٹا سکتی، صدر پزشکیان

ایرانی صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن غلط فہمی میں نہ رہے ایران ایٹمی ٹیکنالوجی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

سحر نیوز/ ایران:  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور کو رائے اعتماد دینے کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران حالیہ شہادتوں پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمنا ہے کہ ہماری زندگی کا اختتام شہادت پر ہو۔ یہ ایک عقیدہ اور فکری اثاثہ ہے جو ہمیں دین اور ائمہ علیہم السلام سے ورثے میں ملا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شہادت، بستر پر مرنے سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ایرانی قوم کو شہید کرکے میدان سے نہیں نکال سکتا۔ اگر کوئی ہیرو شہید ہوتا ہے تو سینکڑوں دوسرے اس کا پرچم اٹھا لیتے ہیں اور ظلم و بربریت کے سامنے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حملہ شروع نہیں کیا بلکہ صرف اپنے دفاع میں کھڑے ہیں۔ ہم نے نہ تو کمانڈروں کو قتل کیا، نہ سائنسدانوں کو۔ دشمن دنیا کے دوسرے کنارے سے آتا ہے، ایک سائنسدان اور اس کے خاندان کو مار دیتا ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ ایرانی سائنسدانوں کے ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ علم ہوتا ہے۔"یہی سائنسدان ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کو ممکن بنایا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ دشمن انہیں نشانہ بناتا ہے۔ آج ملت کو اتحاد، ہمدلی اور یکجہتی کی شدید ضرورت ہے، تمام اختلافات اور شکوے چھوڑ کر ہمیں متحد ہو کر دشمن کے مقابل کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانا نہیں چاہتے۔ یہ ہمارے عقیدے اور رہبر معظم کی ہدایت کے مطابق ہے کہ ہم ایٹمی ہتھیار نہیں چاہتے۔ اگر کوئی شخص اس پالیسی کے خلاف بات کرے، تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے البتہ ہمارا حق ہے کہ پرامن نیوکلیائی توانائی اور تحقیق سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ حق ہمیں بین الاقوامی قوانین کے تحت حاصل ہے، اور کوئی طاقت ہمیں اس سے محروم نہیں کر سکتی۔

صدر نے کہا کہ آج اسلامی ممالک کو متحد ہونا چاہیے۔ ہم نے ہمیشہ اسلامی ممالک کے ساتھ برادری کا ہاتھ بڑھایا ہے، مگر اسرائیل ایک ایک کر کے مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ اپنی فاسد نیت کو ہم پر مسلط کرے۔ جیسا کہ کل پاکستان کی سینیٹ نے اسرائیل کی گھناؤنی پالیسیوں کے خلاف ایران کی حمایت میں قرارداد منظور کی، اسی طرح دیگر ممالک کو بھی کھل کر ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔

ٹیگس