Jul ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران میں دشمن سے وابستہ متعدد نیٹ ورکس کی شناخت ہو گئی: ترجمان عدلیہ

ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے ملک میں دشمن سے وابستہ کئی نیٹ ورکس کی نشاندہی اور آلہ کاروں کی گرفتاری کا انکشاف کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے اعلان کیا ہے کہ سیکیورٹی اور انٹیلیجنس اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملک کے اندر دشمن سے وابستہ متعدد نیٹ ورکس کی شناخت ہو چکی ہے۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں تیزی، قطعیت اور درستگی کے ساتھ جاری ہیں اور جلد عوام کو مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

جہانگیر نے ایک پریس بریفنگ کے دوران، ایوین جیل پر حالیہ حملے کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے اپنے ایجنٹوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا۔ صہیونی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی اصولوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتی اور انسانی حقوق کی پامالی اس کے ماضی کا مستقل حصہ ہے جس پر اب تک کوئی احتساب نہیں ہوا۔

انہوں نے ایوین جیل پر حملے کو بزدلانہ دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا، جس کا مقصد ایرانی عوام، اسلامی انقلاب اور دینی اقدار کے لیے عوامی حمایت کو خوفزدہ کرکے کمزور کرنا تھا۔ حملے میں عام شہری، جیل کا عملہ، عدلیہ کے ملازمین، قیدیوں کے اہل خانہ اور آس پاس کے مکین متاثر ہوئے۔

انہوں نے عالمی برادری خصوصا وہ ادارے جو انسانی حقوق کے نعرے بلند کرتے ہیں، سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

جہانگیر نے تصدیق کی کہ حملے کے دوران چند قیدی فرار ہو گئے، مگر ان میں کوئی اہم یا حساس شخصیت شامل نہیں تھی۔ بعض قیدیوں نے زخمیوں کی مدد کی اور فرار نہیں ہوئے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو جلد گرفتار کر کے دوبارہ جیل واپس لایا جائے گا۔

ٹیگس