صیہونی ریاست اختلافات کو ہتھیار بنا کر امت مسلمہ کو تقسیم کر رہی ہے، پزشکیان
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات امت مسلمہ کے اتحاد پر زور
سحرنیوز/ایران: صدر ایران نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صیہونی حکومت مسلمانوں میں اختلاف وتفرقہ ڈالنااور ان کی صفوں کو کمزور کرنا چاہتی ہے، کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے سیاستدانوں اور حکام کو اس منحوس اسٹریٹیجی سے آگاہ اور مسلم اقوام کے اتحادویک جہتی سے اس کو ناکام بنا دینا چاہئے
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر کی شام پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد یک جہتی کو وقت کی نا قابل انکار ضرورت قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ اگر مسلم حکومتیں اور اقوام امت اسلامیہ کی وحدت کی اہمیت سے با خبر ہوں تو متحد ہوکر، صیہونی حکومت کا مقابلہ کرسکتی ہیں جس نے اسلامی برادری میں اختلاف و تفرقے کے ذریعے خود کو باقی رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت مسلمانوں ميں تفرقہ ڈال کر ان کی صفوں کو کمزور کرنا چاہتی ہے، اسلامی دنیا کے حکام اور سیاستدانوں کو اس کی اس اسٹریٹیجی سے باخبر ہونا اورمسلم اقوام کے اتحاد و یک جہتی سے اس کی اس سازش کو ناکام بنادینا چاہئے۔
صدر پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران حکومت پاکستان کی مخلصانہ حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان میں باہمی تعاون کے فروغ کی کافی گنجائشیں پائی جاتی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان گنجائشوں سے بھر پور کام لیتے ہوئے، پاکستان کے ساتھ روابط اور تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر ایران کو اپنے ملک کے وزیر اعظم کا سلام اور صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کے مقابلے میں کامیابی کی مبارکباد پیش کی ۔
انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہبری اور جناب عالی کی مدیریت نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں اس سرافرازانہ استقامت اور فتحمندی ميں بنیادی کردار ادا کیا ہے جو پوری امت اسلامیہ کے لئے باعث فخر ہے۔