امام رضاؑ کی زیارت، ایک روحانی دعوت: وزیر داخلہ پاکستان
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے مشہد مقدس میں امام علی رضا علیہ السلام کے روضے پر حاضری کے بعد اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "امام رضاؑ کی زیارت صرف ان کی دعوت سے ممکن ہوئی۔
سحرنیوز/ایران: پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے مشہد مقدس میں حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حرم مطہر امام علی ابن موسیٰ الرضاؑ کی زیارت کو ایک معنوی اور روحانی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زیارت صرف امام رضاؑ کی دعوت سے ہی ممکن ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام رضاؑ کی طرف سے بلایا گیا اور یقیناً یہ زیارت صرف اسی دعوت کے بغیر ممکن نہ ہوتی۔
تہران میں ایران، عراق اور پاکستان کے وزرائے داخلہ کے سہ فریقی اجلاس کے بعد آج پاکستانی وزیر داخلہ پاکستان مشہد کے دورے پر اس وقت پہنچے ہیں۔
انہوں نے آستان قدس رضوی کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ان خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
اربعین حسینی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر سید محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت زائرین کے لیے سرحدیں بند ہیں، تاہم ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ سے حالیہ ملاقاتوں میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات اربعین کے موقع پر سرحدوں کی بحالی اور زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کا باعث بنیں گے۔
دورے کے اختتام پر وزیر داخلہ پاکستان نے آستان قدس رضوی کے اعلیٰ منتظم رضا خوراکیان سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔