صیہونی حکومت بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی مرتکب: ایرانی نائب وزیر خارجہ
نیویارک میں سلامتی کونسل کے دو اجلاسوں میں شرکت کے لیے موجود ایرانی وزارت خارجہ کے قانونی و بین الاقوامی امور کے نائب وزیر، کاظم غریب آبادی نے بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر، میریانا اسپولیاریک ایگر سے ملاقات کی۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایرانی وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے قانونی و بین الاقوامی امور، کاظم غریب آبادی، نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی صدر میریانا اسپولیاریک ایگر سے ملاقات کے دوران صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
غریب آبادی نے اس حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے "سیلف ڈیفنس" کے دعوے کو اقوام متحدہ کے منشور کے منافی اور سفید جھوٹ قرار دیا۔ ان کے مطابق، حملے میں تقریباً 7 ہزار ایرانی شہری شہید اور زخمی ہوئے جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی تھی۔
انہوں نے سلامتی کونسل کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے اس جارحیت کی مذمت کی، مگر سلامتی کونسل بعض مستقل اراکین کے دباؤ میں خاموش رہی۔
ریڈ کراس کمیٹی کی صدر میریانا اسپولیاریک ایگر نے ایران میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کو طبی اور غیر خوراکی امداد فراہم کی گئی ہے، اور ایران کی ریڈ کراس اور ہلال احمر سوسائٹی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔