Aug ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • انقلاب اسلامی ایران امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے: امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب دنیا کے مسلمانوں کے لیے بہترین رول ماڈل ہے۔

سحرنیوز/ایران: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے تہران میں ایرانی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے سربراہ کمال خرازی سے ملاقات کی اور عالم اسلام کے تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے اپنے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب مسلمانوں کے لیے ایک رول ماڈل اور نمونہ ہے۔ جماعت اسلامی ایک مذہبی جماعت ہے جو انقلاب کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی دنیا خصوصا فلسطین کی موجودہ صورتحال تشویش ناک ہے اور ایران ان حساس حالات میں مسلمانوں کے لیے رہنمائی فراہم کرسکتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے عوامی سطح پر کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات کے دوران کمال خرازی نے کہا کہ مغربی ممالک غزہ کی موجودہ صورتحال پر منافقانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں۔ صہیونی حکومت خطے کے تمام ممالک کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے مغربی ممالک کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ آزادی اور انسانی حقوق کے پردے میں اپنی اصل حقیقت چھپاتے رہے، لیکن آج ٹرمپ اور یورپ کے نئے رہنماؤں کے آنے کے بعد ان کا اصلی چہرہ ظاہر ہوگیا ہے۔

ٹیگس