ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ ریاستی دہشت گردی کا نمایاں ترین مصداق ہے
اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر رضا نجفی نے ایٹمی سیکورٹی کے زیر عنوان اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ جس نے ایٹمی سیکورٹی اور سیف گآرڈ کو خطرے میں ڈال دیا، امریکا اور اسرآئیل کی ریاستی دہشت گردی کا واضح ترین نمونہ ہے
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈکوارٹر میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر رضا نجفی نے پیر کی رات اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران کی پر امن ایٹمی تنصیبات پر امریکا اور اسرائیل کا غیر قانونی اور بلاجواز حملہ، بین الاقوامی امن وسلامتی کے لئے سنجیدہ خطرہ شمار ہوتا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیف گارڈ کے تحت کام کرنے والی ایران کی پر امن ایٹمی تنصیبات پر امریکا اوراسرائیل کے غیر قانونی حملے نے ایٹمی سیکورٹی اور سیف گارڈ سسٹم کو کمزور اور این پی ٹی کو مخدوش کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکا اور صیہونی حکومت کے حملوں کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی اور ایٹمی سیکورٹی اور سیف گارڈ کے بارے میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ میں اس کا ذکر ہونا چاہئے۔
رضا نجفی نے کہا کہ ایٹمی سیکورٹی مکمل ایٹمی ترک اسلحہ کے بغیر قائم نہیں ہوسکتی ۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی اسلحہ رکھنے والے ممالک نہ صرف یہ کہ ایٹمی ترک اسلحہ کے تعلق سے اپنے عہد پر عمل نہیں کررہے ہیں بلکہ انھوں نے نئے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے۔