کراچی بندرگاہ پر ایرانی کنٹینروں کے مسئلے کے حل پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے صنعت، معدنیات اور تجارت کے وزیر نے پاکستان کے وزیر تجارت سے ملاقات میں کراچی بندرگاہ پر پھنسے ایرانی کنٹنروں کا مسئلہ حل کئے جانے اور دونوں ملکوں کی باہمی تجارت، 10 ارب ڈالر کی سطح تک ایک سال کے اندر پہنچانے پر زور دیا ہے
سحرنیوز/ایران: ایران کے صنعت ، معدنیات اور تجارت کے وزیر سید محمد اتابک نے اسلام آباد میں پاکستا ن کے وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات میں کراچی بندرگاہ میں پھنسے ایرانی کنٹینروں کے سبھی مسائل جلد سے جلد حل کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔
انھوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل سے پاکستانی بندرگاہوں سے ٹرانزٹ کا راستہ ہموار ہوگا اور علاقائي تجارت میں کراچی اور گوادر بندرگاہوں کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
سید محمد اتابک نے اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے ایران کے ساتھ تجارت میں سہولتیں فراہم کرنے منجملہ بعض برآمداتی اشیا کو مالیاتی اور بینکاری امور سے مستثنی' کرنے کے تعلق سے حکومت پاکستان کے اقدامات کا خیر مقدم کیا اور انہیں مثبت قرار دیا۔
ایران کے صنعت معدنیات اور تجارت کے وزیر نے کہا کہ سبھی زمینی ، فضائي اور بحری تجارت میں ان سہولتوں کے نفاذ اور موجودہ رکاوٹیں دور ہونے کی صورت میں ایک برس کے اندر دونوں ملکوں کی تجارت کی سطح 10 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچائی جاسکتی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel