بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکہ
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
عراقی ٹیلیویژن کے مطابق دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے محمودیہ میں ہونے والے کار بم دھماکے میں ایک عام شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
داعش دہشت گرد گروہ نے اس کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ مغربی بغداد میں بھی پیر کے روز دہشت گردوں نے ایک جارحانہ کارروائی کرکے کئی افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ بغداد کے مغرب میں تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الکرمہ نامی علاقہ، اس وقت دہشت گردوں کے قبضے میں ہے جہاں سے داعش دہشت گرد گروہ، بغداد اور اس کے مضافاتی علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتا ہے۔
واضح رہے کہ عراق و شام میں داعش دہشت گردوں کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس گروہ کو علاقے کے بعض عرب ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔