شامی فوج کی جاری پیش قدمی
-
شامی فوج کی جاری پیش قدمی
شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔
شام کی سانا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج، روسی فضائیہ کی حمایت سے مختلف محاذوں پر دہشت گردوں کے مقابلے میں پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
شامی فوجی کمان نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوجیوں نے مختلف صوبوں منجملہ حماہ، حلب اور لاذقیہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے مقابلے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ شامی فوجی کمان نے اعلان کیا ہے کہ حماہ کے مختلف مضافاتی علاقوں پر شامی فوج کا کنٹرول ہو گیا ہے۔
شامی فوج کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ جیش الفتح نامی دہشت گرد گروہ کے عناصر، کئی مہینوں سے حماہ میں سہل الغاب نامی علاقے پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سہل الغاب، ایک ایسا اہم اسٹریٹیجک علاقہ ہے جو صوبے لاذقیہ کے قریب واقع ہے۔
واضح رہے کہ روسی فضائیہ کی حمایت سے شامی فوج نے جب سے زمینی کارروائی شروع کی ہے اب تک وہ نو مختلف شہروں اور علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر چکی ہے۔ شمالی علاقے میں بھی شامی فوج نے حلب کے مضافات میں واقع شہر آزاد کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
شام کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران شامی فضائیہ نے داعش دہشت گرد گروہ کے ترپن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ ادلب میں دہشت گردوں کا ایک کیمپ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔