Oct ۲۹, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • سعودی حکومت کے ہاتھ علاقے کے عوام کے خون سے رنگین ہیں: شامی وزیر اطلاعات
    سعودی حکومت کے ہاتھ علاقے کے عوام کے خون سے رنگین ہیں: شامی وزیر اطلاعات

شام نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت کے ہاتھ علاقے کے عوام کے خون سے رنگین ہیں اور اس کو دوسرے ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔

شام کے وزیر ا‏طلاعات عمران الزعبی نے جمعرات کو سعودی وزیر خارجہ کے مداخلت پسندانہ بیان کے جواب میں کہا ہے کہ جن کے ہاتھ شام، عراق اور یمن کے عوام کے خون سے رنگین ہیں، انہیں کسی بھی دوسرے ملک کے داخلی امور میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام ایک آزاد ملک ہے اور ہمیشہ آزاد و خومختار رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی اس کے داخلی امور میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔


یاد رہے کہ سعودی حکومت کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بدھ کو برطانیہ کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شام کے صدر بشار اسد کو ایک معینہ مدت کے اندر سیاسی طریقے سے یا فوجی طاقت کے استعمال کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹنا ہوگا۔


سعودی حکومت کے وزیر خارجہ نے اس پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ شام کے بارے میں صرف اس راہ حل کی حمایت کریں گے جس میں بشار اسد کا کوئی کردار نہ ہو۔ عادل الجبیر نے اسی کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی حکومت شام کے مبینہ اعتدال پسند دہشت گردوں کی حمایت جاری رکھے گی ۔


شام کے وزیر اطلاعات عمران الزعبی نے ان کے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ جو سیاسی اور سفارتی قوت ادراک سے عاری ہو اس کو خاموش رہنا چاہئے۔ عمران الزعبی نے کہا کہ سعودی حکومت کو ان امور میں مداخلت سے پرہیزکرنا چاہئے جن کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


انھوں نے اسی کے ساتھ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کو علاقے کے لئے ایک پھوڑے سے تعبیر کیا اور مغربی حکومتوں کا نوکر قرار دیا۔ شام کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی حکومت شام کے بحران کے حل میں کوئی مثبت اور تعمیری کردار ادا نہیں کرسکتی۔

ٹیگس