افغانستان: امریکی ڈرون حملے میں تین افراد مارے گئے
Nov ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
-
افغانستان: امریکی ڈرون حملے میں تین افراد مارے گئے
افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں کم سے کم تین افراد مارے گئے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مقامی حکام نے بتایا کہ امریکی ڈرون طیاروں نے افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے علاقے غنی خیل پر اتوار کے روز بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد مارے گئے۔ ننگر ہار صوبے کے پولیس ترجمان نے بتایا کہ مارے گئے تین افراد میں ایک پاکستانی شہری ہے۔ امریکی ڈرون حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے اور زخمی شخص کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔قابل ذکر ہے کہ امریکا گزشتہ کئی سال سے افغانستان کے مختلف علاقوں پر ڈرون حملے کرتا رہا ہے اور صرف گزشتہ ماہ اکتوبر میں امریکا نے اسی بار افغانستان کو اپنے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکا دعوی کرتا ہے کہ اس کے ڈرون حملوں کا اصل نشانہ دہشت گرد ہوتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکا کے ان حملوں کا اصل نشانہ عام شہری بنتے ہیں۔
ادھر داعش نے افغانستان کے جنوب میں سات عام شہریوں کو قتل کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے زابل کے نائب پولیس سربراہ غلام جیلانی فراہی نے اتوار کو بتایا کہ داعش کے دہشت گردوں نے صوبے کے ارغنداب شہر میں سات شیعہ مسلمانوں کو یرغمال بناکر قتل کردیا۔ داعش کے ہاتھوں قتل ہونے والے ان عام شہریوں میں تین عورتیں بھی شامل ہیں۔ غلام جیلانی فراہی نے کہا کہ داعش گروہ کے دہشت گردوں نے اس سے پہلے بھی صوبہ زابل کے ہزارہ شیعہ مسلمانوں کی ایک تعداد کو یرغمال بنا لیا تھا۔