شام: کویرس ایئر بیس کے بعد حلب کے قریب الحاضر شہر بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد
Nov ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
-
شام: کویرس ایئر بیس کے بعد حلب کے قریب الحاضر شہر بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد
شام میں فوج نے حلب کے پاس ایک اور اہم علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سےآزاد کرا لیا ہے۔
ہمارے نمائندے نے شام کے فوجی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کی فوج نے عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی مدد سے حلب کے جنوب میں واقع شہر الحاضر کو دہشت گردوں سے آزاد کرا کے مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق شہر الحاضر پر جبہۃ النصرہ اور احرار الشام نامی تکفیری دہشت گرد گروہوں کا قبضہ تھا۔ جمعرات کو شامی افواج مشرق سے اس شہر میں داخل ہوئیں تو دہشت گرد اپنے اسلحے اور وسائل چھوڑ کے شہر سے نکل بھاگے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس شہر کو آزاد کرانے میں شام کی فوج کو حزب اللہ کا تعاون بھی حاصل رہا ہے۔ یہ شہر حلب دمشق ہائی وے سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ شام کی فوج نے یہ بڑی کامیابی ایسی حالت میں حاصل کی ہے کہ دو دن قبل حلب کے جنوب میں واقع کویرس ایئر بیس بھی شام کی فوج نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے محاصرے سے آزاد کرا لیا تھا۔