Nov ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • جمعیت علمائے عراق نے داعش کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک کے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی
    جمعیت علمائے عراق نے داعش کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک کے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی

جمعیت علمائے عراق کے سربراہ شیخ خالد الملا نے داعش گروہ کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک کے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمعیت علمائے عراق کے سربراہ شیخ خالد الملا نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کا خطرہ صرف عراق اور شام تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش گروہ کی یورپ تک رسائی اور پیرس میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں سے ثابت ہوگیا کہ داعش کی سرکوبی کا بہترین طریقہ دنیا کے مختلف ممالک کا باہمی تعاون ہے۔

شیخ خالد الملا نے کہا کہ انقرہ، بیروت اور پیرس میں ہونے والے داعش کے حالیہ حملے اس بات کے غماز ہیں کہ داعش کے خطرات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہو گیا ہے اور اس گروہ نے اپنے اقدامات اور گمراہی کی وجہ سے در حقیقت پوری دنیا کو اپنا نشانہ بنا لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے دینی، فوجی اور سیکورٹی کے اداروں کو ایک ساتھ مل کر اس دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے پانچ مقامات پر گزشتہ جمعہ کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ایک سو بتیس افراد ہلاک اور تین سو باون زخمی ہوگئے تھے۔

دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ٹیگس