افغانستان کے سکیورٹی اداروں کا دہشتگردوں سے رابطہ نہیں ہے
-
افغان حکام کی جانب سے افغاں سکیورٹی اداروں اور دہشتگردوں کے درمیان رابطے کی تردید
افغان حکام نے کہا ہے کہ افغاں سکیورٹی اداروں اور دہشتگردوں کے درمیان کسی طرح کا رابطہ نہیں ہے۔
افغان جرگہ نامی اخبار کے مدیر مسئول نے کہا ہے کہ افغانستان کے سکیورٹی اداروں اور طالبان و داعش جیسے دہشتگرد گروہوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے۔ احمد ضیا رحیم زئی نے ریڈیو تہران کی پشتو سروس سے گفتگو کرتے ہوئے اس الزام کی تردید کی کہ افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان و داعش جیسے دہشتگرد گروہوں میں نیز حکومت مخالف مسلح گروہوں کے درمیان کسی طرح کا رابطہ پایا جاتا ہے۔
احمد ضیاء رحیم زئی نے کہا کہ چونکہ امریکہ نے کابل میں دہشتگردانہ حملوں کا امکان ظاہر کیا ہے تو یقینا کابل میں امریکی سفارتخانے اور دہشتگردوں میں رابطے ہوں گے۔ انہوں نے افغانستان میں داعش کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ داعش پروجیکٹ مغرب کی سامراجی پالیسیوں کے تحت آگے بڑھایا جارہا ہے اور اسے ساری دنیا میں پھیلایا جارہا ہے اور افغانستان بھی ان پالیسیوں کا شکار ہے۔
افغانستان کے اس معروف صحافی نے کہا کہ داعش کے خلاف امریکہ کا نام نہاد اتحاد ایک نمائشی اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بعض اسلامی اور عرب ممالک امریکہ کی سربراہی میں مغرب کے اس خطرناک کھیل میں شامل ہوچکے ہیں۔
افغاں جرگہ روزنامے کے مدیر مسئول نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک امریکہ کے مقابل متحد نہ ہوئے تو مشرق وسطی کی صورتحال مزید بحرانی ہوجائے گی اور پورے علاقے میں جنگ شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغرب کا ھدف اسلامی ملکوں کے حصے بخرے کرنا اور انہیں چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں بانٹ کر ان پر تسلط قائم کرنا ہے تا کہ وہ صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرسکیں۔