Dec ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ، شیخ ابراہیم الزکزکی
    نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ، شیخ ابراہیم الزکزکی

عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ کی رہائی پر تاکید کی ہے-

تہران میں منعقدہ انتیسویں وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ محمد رضا گل رو نے کہا ہے کہ شیخ ابراہیم الزکزکی کی رہائی اور اس مقصد کے لئے ایک اسلامی گروہ، نائیجیریا بھیجا جانا اس کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے- محمد رضا گلرو نے اتوار کو ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران کانفرنس کے شرکاء نائیجیریا کے موضوع کا جائزہ لیں گے - انھوں نے کہا کہ شیخ الزکزکی، تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی فورم کی اعلی کونسل کے رکن ہیں اور ان کی آزادی اور علاج معالجے میں تیزی لانے کے لئے وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں کی سیاسی اور علمی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا-

عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ شیخ ابراہیم الزکزکی کے گھر پر نائیجیریا کی فوج کے وحشیانہ حملے کے بعد تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی فورم نے اس کے خلاف ایک احتجاجی بیان جاری کیا تھا، کہا کہ اس دردناک واقعے نے ہر انسان کو تکلیف پہنچائی ہے اور دنیا کے ہر حریت پسند کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور یہ یقینا قابل مذمت ہے-

قابل ذکر ہے کہ نائیجیریا کی فوج نے تیرہ دسمبر کو شہر زاریا میں تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ ابراہیم الزکزکی کے گھر اور کچھ امام بارگاہوں پر حملہ کر کے سیکڑوں مسلمانوں کو شہید کر دیا اور شیخ ابراہیم الزکزکی کو نہایت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا-

ٹیگس