Jan ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی
    مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے منگل کے روز قاہرہ میں عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی سے ملاقات میں کہا ہے کہ مصر عراق میں دہشت گردوں کو کچلنے اور امن کی بحالی کے لیے عراقی حکومت اور فوج کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق مصر کے صدر نے اس ملاقات میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں عراقی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انھوں نے ملک میں امن کی بحالی کے لیے عراقی حکومت کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں عراقی قوم کی خواہشات پوری ہوں گی اور عراق کی ارضی سالمیت اور اس ملک کے تمام قانونی اداروں کا تحفظ ہو گا۔

عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ عراقی فوج اور حکومت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور داعش کے قبضے سے آزاد ہونے والے شہروں کی تعمیرنو کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گی۔

عراقی وزیر دفاع نے اسی طرح مصر کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسبی کے امورنیز شام، یمن، لیبیا اور فلسطین کے بحرانوں سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس