Jan ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • شام: زینبیہ میں بم دھماکے، ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید اور زخمی

شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے زینبیہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق پہلا دھماکہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نواسی حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضے سے کچھ ہی فاصلے پر کھڑی گاڑی میں ہوا۔ جس کے بعد ایک خود کش بمبار نے اسی علاقے میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ زینبیہ کے علاقے میں تین کار بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں ساٹھ افراد شہید اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت شام کے جاری کردہ مذمتی بیان میں بھی اس علاقے میں تین کار بم دھماکوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

شامی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق پے در پے شکست سے بوکھلائے ہوئے دہشت گرد عام شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنے پست حوصلے بلند کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق شامی عوام ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شامی فوج ملک کے چپے چپے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

ٹیگس