دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کی فوج کی کامیابیاں
شام کی فوج نے درعا اور حلب کے مزید علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیے ہیں۔
لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعرات کے دن جنوبی شام میں واقع صوبہ درعا کے الدبش اور المناشر نامی علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیے۔ شام کی فوج نے حلب کے شمالی مضافات میں دہشت گرد اور مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے اور حلب کے شمال میں واقع متعدد دیہاتوں اور قصبوں منجملہ رتیان، بینون، حیان اور حریتان کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔ شام کی فوج نے حلب کے شمالی مضافات میں واقع دو دیہاتوں مایر اور کفین کو آپس میں ملانے والے راستے پر حملہ کر کے تیس سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
شام کے لڑاکا طیاروں نے بھی نبل اور الزہرہ شہروں کے مضافاتی دیہاتوں میں دہشت گرد گروہ الفتح کے اکٹھا ہونے کے مقامات اور خفیہ ٹھکانوں پر متعدد مرتبہ بمباری کی۔ اس علاقے میں دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے ٹھکانے بھی تباہ اور کم از کم چالیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے کہ خطے کے بعض ممالک اور یورپی ممالک کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے تقریبا پانچ برسوں سے شام میں بدامنی پھیلا رکھی ہے اور اب تک وہ ہزاروں افراد کا قتل عام کر چکے ہیں۔