دہشت گردوں کی حمایت روکے جانے پر شام کی تاکید
شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت روکنے کے مقصد سے ٹھوس اقدامات انجام دے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے جمعے کے دن اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک خط ارسال کیا جس میں اس بات پر تاکید کی گئی ہےکہ بعض حکومتوں کی جانب سے تکفیری دہشت گردوں کو دی جانے والی مدد کی روک تھام کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے دائرہ کار میں ٹھوس اقدامات انجام دیئےجائیں۔
شام کی وزارت خارجہ نے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں شدت پیدا ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات کو صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے کہ ان وحشیانہ حملوں کا مقصد شام کی حکومت اور شام کے گروہوں کے مذاکرات سمیت بحران شام کے حل کےلئے کی جانے والی کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور ان دہشت گردوں کے پست حوصلوں کو بلند کرنا ہے جن کو شام کی فوج کے مقابلے میں بہت بری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ شام کی فوج ، عوامی رضاکار فورس اور اس کے اتحادیوں نے حلب کے شمالی مضافات میں واقع دو اسٹریٹیجک قصبوں نبل اور الزہرا کا محاصرہ توڑ دیا جس کے بعد دہشت گردوں نے راکٹوں اور مارٹر گولوں سے ان دو قصبوں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں شام کے متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔