Feb ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • افغانستان میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کم سے کم چھے افراد ہلاک

مشرقی افغانستان کے صوبے پکتیکا کے شہر یحیی خیل میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کم سے کم چھے افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق یہ خودکش حملہ شہر یحیی خیل کے بازار میں ایک تنور کے باہر اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد روٹی خریدنے کے لیے وہاں موجود تھی۔ حملے میں کم سے کم چھے افراد ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوگئے جنہیں مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا اصل ہدف شہر کے کمشنر تھے تاہم وہ اس حملے میں پوری طرح محفوظ رہے۔

حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے سب ہی لوگ عام شہری ہیں۔ تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم افغانستان کے سیکورٹی ادارے عموما طالبان کو ایسے حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

یہ خودکش حملہ ایسے وقت میں ہوا جب افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کے روز کابل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی امید ظاہر کی تھی۔ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد شکیب کا کہنا تھاکہ پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کے روڈمیپ پراتفاق ہوگیا ہے اور حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات فروری کے آخر میں ہونے کا امکان ہے ۔

ٹیگس