لیبیا میں متحدہ قومی حکومت کی تشکیل کی مدت میں توسیع
لیبیا کے ممبران پارلمینٹ نے قومی آشتی کی حکومت کی تشکیل کے لئے دی گئی مہلت اتوار چودہ فروری تک بڑھا دی ہے۔
لیبیا کی قانونی پارلیمنٹ کے ممبران نے، جو پچھلے کافی عرصے سے ملک کے مشرق میں اپنے اجلاس کرتے آئے ہیں، اپنے تازہ ترین اجلاس میں صدارتی کونسل کو اتوار تک مہلت دی ہے کہ وہ اس عرصے میں قومی آشتی کی حکومت کی تشکیل کے لئے ووٹنگ کے ذریعے کوئی فیصلہ کر لے۔
لیبیا کی صدارتی کونسل میں، جس کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے، مختلف جماعتوں کے نو ارکان شامل ہیں۔ لیبیا کی صدارتی کونسل کو بدھ دس فروری کو اپنی کابینہ کے وزیروں کی فہرست پیش کرنا تھی۔ لیبیا کے وزیر اعظم فائز السراج نے، جو صدارتی کونسل کے سربراہ ہیں، قومی آشتی کی حکومت کی تشکیل کی مہلت میں توسیع کی درخواست کی تھی۔
قبل ازیں لیبیا کی قانونی پارلمینٹ نے اس سے پہلے پیش کی گئی وزرا کی فہرست کو مسترد کر دیا تھا۔ آئین کے مطابق لیبیا کی کابینہ کو اپنا کام شروع کرنے سے پہلے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی فہرست میں بتّیس وزرا شامل تھے لیکن پارلمینٹ نے اس فہرست میں اصلاح کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔
فہرست کی مخالفت کرنے والے ممبران کا کہنا ہے کہ کابینہ میں صرف سترہ ہی وزیر ہونے چاہئیں۔ پارلیمنٹ کے ممبران کا کہنا تھا کہ لیبیا کی موجودہ بدترین معاشی صورت حال بتّیس وزیروں پر مشتمل کابینہ کے اخراجات کو تحمل کرنے کی توانائی نہیں رکھتی۔ واضح رہے کہ لیبیا میں اس وقت کابینہ کے نہ ہونے کی وجہ سے شدید سیاسی بحران ہے۔