عراق کی عوامی رضاکار فورس کی حمایت پر تاکید
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے حکومت کی جانب سے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی حمایت پر تاکید کی ہے۔
عراق کی السومریہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے جمعے کے دن میونخ سیکورٹی کانفرنس میں کہا کہ الحشد الشعبی کےنام سے موسوم عراق کی عوامی رضاکار فورس ایک قانونی اور سرکاری ادارہ ہے جو عراقی حکومت کی نگرانی میں کام کر رہا ہے۔
عراقی وزیراعظم نے یہ بھی کہاکہ حکومت اس کے ساتھ ساتھ افراد کے غیر قانونی اقدامات کا مقابلہ کر رہی ہے۔
عراقی وزیر اعظم نے دہشت گرد گروہ داعش کے بارے میں بھی کہاکہ ہم داعش کے دہشت گردوں کو رواں سال کے دوران عراق سے نکال باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سنہ دو ہزار سولہ عراق میں داعش کے عناصر کی موجودگی کا آخری سال ہوگا۔
حیدر العبادی نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ آدھی سے زیادہ زمین آزاد کرا لی گئی ہے، کہا کہ صوبہ الانبار کے ایک حصے اور صوبہ نینوا کےسوا باقی تمام صوبے آزاد کرا لئے گئے ہیں۔ عراقی وزیراعظم نے تاکید کی کہ عراق کے مختلف علاقوں کی آزادی میں غیر ملکی شرکت نہیں کریں گے۔