Feb ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  • ترکی: حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کو شام میں فوجی مداخلت کے بارے میں خبردار کر دیا

ترکی کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کو شام میں فوجی مداخلت کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔

ترکی کی گرینڈ الائنس پارٹی کے سربراہ مصطفے دستیجی نے خبردار کیا ہے کہ شام میں ترکی کی ممکنہ فوجی مداخلت سے ترکی کو سنگین خطرات لاحق ہوجائیں گے -

انہوں نے کہا کہ اگر ترکی نے شام میں فوجی کارروائیوں میں سعودی عرب اور امریکا کا ساتھ دیا تو اس کے بہت ہی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے -

انہوں نے کہا اس ممکنہ اقدام سے بڑی طاقتوں کو اور زیادہ بہانہ مل جائے گا اورعالم اسلام میں سیاسی اور مذہبی اختلاف پہلے سے بھی زیادہ شدت اختیار کرجائے گا -

ترکی کی عوامی جمہوری پارٹی کے سربراہ اوزترک ییلماز نے بھی حکومت سے کہا ہے کہ وہ شام میں ممکنہ فوجی کارروائیوں میں حصہ لینے کے اپنے فیصلے کے بارے میں پارلیمنٹ میں بیان دے -

انہوں نے کہا کہ ترکی مسلسل شام کے دلدل میں پھنستا جارہا ہے -

ترکی کے کردوں کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ صلاح دمیر تاش نے بھی ایتھنز میں یونان کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت شام میں ممکنہ فوجی مداخلت میں بہت زیادہ دلچپسی لے رہی ہے - لیکن علاقے کے حقائق اور طاقت کا توازن اس قسم کے اقدامات کے لئے مناسب نہیں ہے -

ٹیگس