یمن پر سعودی جارحیت، متعدد شہید اور زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i211924-یمن_پر_سعودی_جارحیت_متعدد_شہید_اور_زخمی
یمن پر جاری سعودی جارحیت کے دوران متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۳ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت، متعدد شہید اور زخمی

یمن پر جاری سعودی جارحیت کے دوران متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے نواحی شہر نہم کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں کم سے کم چار افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

اس سے پہلے منگل کی صبح، سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبے صعدہ کے علاقے غمر میں رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تین بے گناہ یمنی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے کارروائی کرتے ہوئے مآرب شہر کے قریب واقع اہم سوق الجیشی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

المنار ٹی وی کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان مآرب شہر سے صرف دس کلومیٹر کے فاصلے پر تعینات ہوگئے ہیں۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جنوب مغربی سعودی عرب کے قریب واقع علاقے میدی میں بھر پور کارروائی کرتے ہوئے متعدد سعودی فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

اس کارروائی میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک بھی ہوئے تاہم ان کی صحیح تعداد کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

عسکری ذرائع نے المیسرہ ٹی وی کو ہلاک ہونے والے سعودی فوجیوں کی تعداد کم سے کم پانچ بتائی ہے۔

جنوبی یمن کے صوبے لحج میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے ایک کارروائی کے دوران سعودی اتحاد کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں میں سعودی اتحاد کے دو افسر ہلاک ہوگئے ہیں۔

سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے یمن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔

چھبیس مارچ سے جاری سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

یمن پر جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں اس غریب عرب اور اسلامی ملک کی اسّی فی صد بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔