عراق: الرمادی آپریشن جاری، مزید کئی علاقے آزاد
عراقی فوج نے فلوجہ میں داعش دہشت گردوں کی رابطہ سڑک کاٹ دی ہے۔
فرات نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عراقی فوج نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس نے صوبہ الانبار میں اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے فلوجہ سے ہیت جانے والی سڑک تک داعش کی رسائی ختم کر کے اس پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں گزشتہ روز شروع ہونے والی جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔
درایں اثنا عراقی فورسز نے الحامضیہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے توپ خانے، بکتر بند دستوں اور بین الاقوامی اتحاد اور عراق کی فضائیہ کی مدد سے الرمادی کے شمال مشرق میں واقع الحامضیہ علاقے کو آزاد کرانے کے لیے نیا حملہ شروع کیا ہے اور اس نے پہلے مرحلے میں الحامضیہ کے علاقے میں الرمادی کے شمالی حصوں کو آزاد کرا لیا ہے اور وہ ہیت جانے والی اصلی شاہراہ تک پہنچ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ الرمادی آپریشن تقریبا دو ماہ پہلے شروع کیا گیا تھا اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس شہر کے مرکز اور نواحی علاقوں کو داعش کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے اور علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کی کارروائی بدستور جاری ہے۔