شام میں جنگ بندی کے بارے میں ترک وزیر اعظم کا بیان
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا ہے کہ اگر ترکی کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو ان کا ملک، شام میں جنگ بندی کے سمجھوتے کا پابند نہیں ہو گا۔
ترک وزیر اعظم نے جمعرات کو شامی کردوں کی تنظیم پی وائی ڈی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ترکی کی سرحد کے قریب اپنی کارروائیاں بند کر دے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی جنگ بندی کی وجہ سے اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے سے دریغ نہیں کرے گا اور فوری کارروا ئی کرے گا۔
واضح رہے کہ شامی کرد ملیشیا دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنا دفاع کر رہی ہے جس پر ترکی بری طرح سیخ پا ہے۔
ترک وزیر اعظم نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ شام میں جنگ بندی کا سمجھوتہ مثبت نتائج کا حامل ہو گا۔ اس سے پہلے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی کہا تھا کہ شام میں جنگ بندی کا سمجھوتہ شامی کردوں کے خلاف ترک فوج کی کارروائیوں میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔
واضح رہے کہ ترک فوج یہ بہانہ بنا کر شامی کردوں کے ٹھکانوں پر مسلسل حملے کر رہی ہے کہ شام کی کرد تنظیمیں پی کے کے، کا ساتھ دے رہی ہیں۔ ترک فوج کے ان حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔ بہت سے حلقوں کا خیال ہے کہ ترکی اپنے اس قسم کے حملوں سے دراصل دہشت گرد گروہوں کا ساتھ دے رہا ہے۔