Mar ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستانی طالبان کا سربراہ افغانستان میں ہے: پاکستان میں افغان سفیر کا بیان

پاکستان میں افغانستان کے سفیر کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ افغانستان کے ایک ایسے علاقے میں ہے جہاں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں ہے

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر ذاخیلوال نے پشاور میں افغان قونصل خانے میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ ملا فضل اللہ افغانستان کے ایسے علاقے میں ہے جہاں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں ہے -

ملافضل اللہ دوہزار نو میں سوات میں فوجی آپریشن کے بعد فرارہوکر افغانستان میں روپوش ہوگیا تھا - حکومت پاکستان نے بارہا ملافضل اللہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے -

افغانستان کے سفیر نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کےتعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مذاکرات کے لئے موجودہ حالات سازگارہیں - انہوں نے البتہ یہ نہیں بتایا کہ یہ مذاکرات کب ہوں گے تاہم کہا کہ یہ مذاکرات جلد ہوں گے-

افغان سفیر نے کہا کہ سبھی فریق مذاکرات کا آغاز چاہتے ہیں اور اگر اس وقت مذاکرات ہوئے تو ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے - انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ دونوں جانب بعض عناصر امن کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان اور افغانستان کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا -

ٹیگس