Mar ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے کے خلاف شام میں احتجاجی اجتماع

شام کی قومی سماجی پارٹی نے ایک احتجاجی اجتماع میں حزب اللہ کے خلاف خلیج فارس تعاون کونسل کے معاندانہ فیصلے کی مذمت کی ہے ۔

شام کے الاخباریہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی سماجی پارٹی کی اپیل پر دمشق کے مضافاتی علاقے جرمانا میں خلیج فارس تعاون کونسل کے خلاف ایک بڑا احتجاجی اجتماع ہوا۔ اس اجتماع میں مذکورہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ساتھ ہی عام شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ اس احتجاجی اجتماع میں حزب اللہ کے خلاف خلیج فارس تعاون کونسل کے ظالمانہ فیصلے کی مذمت کی گئی ۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق خلیج فارس تعاون کونسل کے خلاف اس احتجاجی اجتماع میں، شام میں مقیم فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔

مظاہرے میں شریک فلسطینی اور شامی عوام نے حزب اللہ کی حمایت اور صیہونی حکومت نیز خلیج فارس تعاون کونسل کی مذمت میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ امریکا اور صیہونی حکومت کی پٹھو عرب حکومتوں کے ذرائع ابلاغ عامہ اپنے بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے حزب اللہ کو بدنام نہیں کرسکیں گے ۔

شام کی قومی سماجی پارٹی کے ایک رہنما محمود عکار نے کہا ہے کہ حزب اللہ اور اس کے اقدامات شامی قوم سمیت پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر ہیں اور خلیج فارس تعاون کونسل کا فیصلہ مسلم اقوام میں حزب اللہ کی مقبولیت کو کم نہیں کرسکے گا۔

فلسطین کی تحریک آزادی محاذ کے ایک رہنما محمد علی اسماعیل نے اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ حزب اللہ باقی رہے گی اورغاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں تحریک استقامت جاری رہے گی۔

دوسری طرف مصر کی عوامی تحریک کے بانی اور سابق صدارتی امیدوار حمدین صباحی نے بھی حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اصل مقصد امت اسلامیہ کی مجاہدت کو فرقہ وارانہ لڑائی میں تبدیل کردینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجاہدت یہ ہے کہ ہتھیاروں کا رخ حزب اللہ کی طرح غاصب صیہونی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی طرف ہو۔

مصر کی عوامی تحریک کے بانی حمدین صباحی نے کہا کہ حزب اللہ نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف اسلحہ اٹھایا ہے اور جو اسلحہ بھی صیہونی دشمن کے خلاف اٹھایا جائے وہ امت اسلامیہ کا اسلحہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کو اس لئے دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے تاکہ صیہونی حکومت کے خلاف جاری تحریک مزاحمت کو جو قابل تعریف تحریک ہے، فرقہ وارانہ جنگ میں تبدیل کردیا جائے۔

اسی کے ساتھ مصر کی الکرامہ پارٹی نے بھی جس کے بانی حمدین صباحی ہیں، ایک بیان جاری کرکے حزب اللہ کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے خلیج فارس تعاون کونسل کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل نے گزشتہ بدھ کو صیہونی حکومت اور امریکا کو خوش کرنے کے لئے ایک بیان جاری کرکے لبنان کی حکومت اور قوم کی توہین کرتے ہوئے ، حزب اللہ کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ خلیج فارس تعاون کونسل کے اس اعلان کا غاصب صیہونی حکومت اور امریکا نے خیر مقدم کیا ہے جبکہ علاقائی اور عالمی سطح پر اسلامی اور حریت پسند تنظیموں اور شخصیات نے اس کی مذمت کی ہے۔

ٹیگس