شام کو تقسیم نہیں ہونا چاہئے: احمد داؤد اوغلو
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے شام کی ارضی سالمیت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق احمد داؤد اوغلو نے دورۂ برسلز سے قبل اتوار کے دن شام کی ارضی سالمیت کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اس ملک کی تقسیم پر مبنی ہر طرح کے سناریو کو مسترد کر دیا۔ ترکی کے وزیر اعظم نے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ترکی متحدہ شام پر تاکید کرتا ہے اور وہ اس ملک کی تقسیم کا خواہاں نہیں ہے۔ احمد داؤد اوغلو برسلز میں جرمن کی چانسلر اور ہالینڈ کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
ترکی کے وزیر اعظم نے انیس سو سولہ میں ہونے والے سائیکس پیکو معاہدے کی جانب، کہ جو خطے کی تقسیم پر منتج ہوا تھا، اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سو سال قبل اس معاہدے کی بنا پر خطہ ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا لیکن اب ترکی دوبارہ ایسا نہیں ہونے دے گا۔ احمد داؤد اوغلو نے اپنے حالیہ دورہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بھی کہا کہ تہران اور انقرہ کے درمیان شام کی ارضی سالمیت کے بارے میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔