چوبیس گھنٹے کے دوران دو فلسطینی نوجوان شہید
صیہونی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کے مطابق صیہونی فوجیوں نے ہفتے کے روز مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں ایک فلسطینی نوجوانوں کو اس وقت گولیاں ماردیں جب وہ ابوریش چیک پوسٹ کے قریب سے گزر ہا تھا۔
صیہونی حکام نے دعوی کیا ہے کہ شہید ہونے والافلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔
پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھو ں شہید ہونے والا یہ دوسرا فلسطینی نوجوان ہے۔
صیہونی فوجیوں نے جمعے کے روز بیت الحم کےعلاقے گوش عتصیون میں بھی ایسے ہی الزام کے تحت ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔
ان دو فلسطینیوں کی شہادت کے بعد، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری تحریک انتفاضہ قدس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ، دو سو چھے ہوگئی ہے۔
تحریک انتفاضہ قدس کا آغاز یکم اکتوبر دوہزار پندرہ کو اس وقت ہوا تھا جب غاصب صیہونی حکومت نے مسجدالاقصی کے اسلامی تشخص کو مٹانے اور اس مقدس مقام کو تقسیم کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش شروع کی تھی اور صیہونی آبادکاروں کے ایک گروہ نے مسجدالاقصی حملہ کردیا تھا۔