مصر میں دہشت گردانہ بم دھماکہ، تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت
مصر کے صوبے سینا کے علاقے العریش میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہو گئے۔
مصر کے سیکورٹی ذرائع کے مطابق جمعے کی رات العریش کے علاقے میں ہونے والے اس دہشت گردانہ بم دھماکے کے بعد پولیس اہلکاروں نے راستے بند کرتے ہوئے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا۔ جس کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مصر کی سیکورٹی فورسز نے صوبے سینا کے مختلف علاقوں منجملہ رفح، العریش اور شیخ زوید میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کیا ہے۔
العریش کے علاقے میں یہ بم دھماکہ ایسی حالت میں ہوا ہے کہ مصر کی سیکورٹی فورسز نے رفح اور شیخ زوید میں آپریشن جاری رکھتے ہوئے پینسٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے کئی گوداموں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ مصر میں محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے حالات بدستور بحرانی ہیں جبکہ صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گرد گروہوں نے بھی اپنی سرگرمیاں بڑھاتے ہوئے مصری سیکورٹی فورسز پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔