آذربائیجان نے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا
جمہوریہ آذربائیجان نے نگورنو قرہ باغ کے معاملے پر آرمینیا کے ساتھ یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے ترجمان واقف دیارگاخلی نے کہا ہے کہ یہ اقدام عالمی اپیل کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے جن میں آذربائیجان اور آرمینیا دونوں ممالک سے جنگ بند کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
واقف دیارگاخلی نے کہا کہ ان کا ملک یک طرفہ طور پر جنگ بند کر رہا ہے تاہم اپنے فوجیوں پر حملے کا جواب دے گا۔
جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان قرہ باغ کی طویل سرحدی پٹی میں جمعے سے جھڑپیں جاری ہیں جس کے بعد اس علاقے کی ملکیت کے بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان تنازعہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔
آرمینیا کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والی جھڑپوں میں اس کے اٹھارہ فوجی ہلاک اور پینتیس زخمی ہوئے ہیں۔
جمہوریہ آذربائیجان کا کہنا ہے کہ آرمینیا کے ساتھ جاری سرحدی جھڑپوں میں اس کے بارہ فوجی مارے گئے ہیں۔