شامی عوام کے لئے امداد
شام اور روس کی انسان دوستانہ امداد حمص کے باشندوں تک پہنچا دی گئی۔
شام اور روس کی جانب سے پانچ ٹن انسان دوستانہ امداد حمص کے علاقے قانایا کے ان باشندوں کو پہنچا دی گئی جو اس وقت دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے حملوں کی زد میں ہیں۔
اس علاقے کے ہر خاندان کو انسان دوستانہ امداد بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی الگ سے پیکٹ دیئے گئے۔
حمص کے علاقے قانایا پر دہشت گردوں کے حملوں کی وجہ سے اس علاقے کے لوگ اپنے گھر بار اور زرعی اراضی کو چھوڑ کر دیگر علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے لیکن فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کوششوں سے اب اس علاقے کے لوگ اپنے گھروں کو لوٹ آئے ہیں۔
روس نے گذشتہ سال ستمبر میں شام کی حکومت کی درخواست پر امریکا، مغرب اور بعض عرب ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر اپنے ہوائی حملے شروع کئے ہیں جن کے دوران دہشت گردوں کے بہت سے ٹھکانے تباہ ہو گئے اور بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔