فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کی جارحانہ کاروائیاں
غاصب صیہونی فوجیوں نے انتفاضہ قدس کو سرکوب کرنے کے لئے فلسطین کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے انتفاضہ قدس کو سرکوب کرنے کے لئے فلسطین کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو زخمی اور گرفتار کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جمعرات کے روز غرب اردن کے کئی علاقوں پر حملہ کر کے کم سے کم دس فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو ہی رام اللہ میں واقع علاقے نعلین کے مشرق میں فلسطینیوں کی زرعی اراضی کو بھی تباہ کر دیا۔
ادھر ایک ہزار انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے جمعرات کی صبح نابلس شہر میں حضرت یوسف (ع) کے روضے پر حملہ کیا۔
اس وسیع حملے کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں بہت سے فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ سے شروع ہونے والی انتفاضہ قدس کے دوران صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں اب تک تقریبا دو سو دس فلسطینی شہید اور ہزاروں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔