Apr ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • شام: حلب پر داعش کا زہریلی گیس سے حملہ

شام کے صوبہ حلب پر داعش کے زہریلی گیس کے حملے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔

لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق داعش کے دہشت گردوں نے صوبہ حلب کے علاقے الشیخ مقصود پر زہریلی گیس سے حملہ کیا جس سے نو افراد جاں بحق اور تقریبا تیس زخمی ہو گئے۔ کہا جاتا ہے کہ داعش نے اس حملے میں کلورین گیس استعمال کی ہے۔

درایں اثنا شام کے جنگی طیاروں نے صوبہ حلب میں داعش کے کئی ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملے اس قدر شدید تھے کہ داعش حلب کے شمالی علاقوں سے پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔

چند روز قبل بھی داعش کے دہشت گردوں نے شام کے مشرق میں دیرالزور فوجی اڈے پر حملے میں مسٹرڈ گیس استعمال کی تھی۔ دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی پے در پے کامیابیوں کی وجہ سے اب دہشت گرد شام میں غیرانسانی اقدامات انجام دے رہے ہیں جن میں زہریلی گیسوں اور کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ شام کے مختلف علاقوں پر دہشت گردوں نے پانچ سال سے قبضہ کر رکھا ہے اور اس عرصے کے دوران انھوں نے ان علاقوں کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور ان کے ظلم و ستم کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر اور آوارہ وطن ہو چکے ہیں۔

ٹیگس