نائیجیریا کے معروف انقلابی عالم دین آیت اللہ زکزکی کی حالت ٹھیک نہیں ہے
نائیجیریا کی اسلامی تحریک نے اعلان کیا ہے کہ جیل میں آیت اللہ زکزکی کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے-
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق نائیجیریا کی اسلامی تحریک آئی ایم ایم نے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں آیت اللہ زکزکی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی ہے اور ان کا ایک ہاتھ بھی تقریبا مفلوج ہوچکا ہے۔ نائیجیریا کی اسلامی تحریک نے بتایا ہے کہ آیت اللہ زکزکی کو ابوجا میں داخلی سلامتی کی وزارت کے قیدخانے میں رکھا گیا ہے۔
الافریقا سائٹ کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے ایک رہنما فستوس اوکوئی نے کادونا میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ آیت اللہ شیخ زکزکی کی دائیں آنکھ ضائع ہوگئی ہے اور ان کا بایاں ہاتھ بھی تقریبا مفلوج ہوچکا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جب انھوں نے جیل میں آیت اللہ زکزکی سے ملاقات کی تو انہیں بہت مشکل سے پہچانا۔
فستوس اوکوئی نے بتایا کہ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ زکزکی عصا کے سہارے راستہ چلتے ہیں۔
یاد رہے کہ نائیجیریا کے فوجیوں نے گذشتہ صفر کے مہینے میں، پہلے حسینیہ میں مذہبی اجتماع پر اور اس کے بعد آیت اللہ زکزکی کے گھر پر حملہ کرکے انہیں زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔ فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں سیکڑوں شیعہ مسلمان شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں ان کے بیٹے بھی شامل ہیں ۔ نائیجیریا کے فوجیوں کی فائرنگ میں آیت اللہ زکزکی کو متعدد اور ان کی اہلیہ کو تین گولیاں لگی تھیں۔
نائیجیریا کے ایک وکیل مکول کیون نے جیل میں آیت اللہ زکزکی سے ملاقات کے بعد اس دعوے کی تردید کی ہے کہ انہیں علاج کے لئے فرانس بھیجا گیا ہے۔ مکول کیون کا کہنا ہے کہ آیت اللہ زکزکی اور ان کی اہلیہ کے جسم سے گولیان نکالنے کے لئے سارے آپریشن کادونا میں ہی انجام دیئے گئے ہیں ۔