فلسطین اور غزہ عالم اسلام کی طاقت کا مظہر ہیں: رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ لوگوں پر بمباری اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے انسانوں کا دل مجروح ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرانقلاب اسلامی آیت الله العظمی سید علی خامنه ای سے نائیجریا کی اسلامی تحریک کے قائد شیخ ابراہیم زکزاکی نے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فلسطین کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین اور غزہ عالم اسلام کی طاقت کا مظہر ہیں اور عالم اسلام کو فلسطینی عوام کی مدد کرنی چاہئے۔
آپ نے تاکید کی کہ فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ لوگوں پر بمباری اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے انسانوں کا دل مجروح ہوا ہے لیکن ان واقعات کا دوسرا رخ بھی ہے جوکہ اسلام کی ناقابل یقین طاقت ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے فلسطین میں شروع ہونے والی تحریکوں کے نتیجے میں فلسطینی مکمل کامیاب ہوں گے۔ آپ نے فرمایا کہ عالمی سطح پر سازشوں کے باوجود اسلام کی طاقت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔
آیت الله العظمی سید علی خامنه ای نے فرمایا کہ ایران میں اسلامی نظام ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید طاقتور ہورہا ہے اور مستقبل میں اس کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا، آج دنیا کے مختلف خطوں خاص طور سے افریقہ، ایشیا، یورپ اور شمالی امریکہ میں اسلامی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں اور اللہ کے فضل سے کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔
رہبراسلامی آیت الله العظمی سید علی خامنه ای نے اس ملاقات کے دوران فرمایا کہ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی اور ان کی شریک حیات کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔
رہبر انقلاب نے شیخ زکزاکی سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ اللہ کی راہ میں حقیقی معنوں میں جہاد کررہے ہیں اور امید ہے کہ اس کو مزید جاری رکھیں گے۔
شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ نے رہبرانقلاب اسلامی آیت الله العظمی سید علی خامنه ای سے ملاقات پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کے جذبات ناقابل بیان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کی دعاوں اور مسلمانوں کی کوششوں کی بدولت اسلام مزید ترقی کرے گا۔