کویت مذاکرات
یمن سے متعلق مذاکرات میں شرکت کے لئے یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ اور نیشنل کانگریس پارٹی کے وفود کویت پہنچ گئے ہیں۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کے بحران کو حل کرنے کی غرض سے کویت مذاکرات جمعرات سے ہو رہے ہیں- یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ بھی کویت پہنچ چکے ہیں- یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان عبد السلام نے صنعا سے روانہ ہونے سے قبل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس سے کہا کہ وہ پوری طرح چوکس اور ہوشیار رہیں اور ہر طرح کی جارجیت کا جواب دیں-
ادھر اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے بھی کہا ہے کہ یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس سولہ کے مطابق ہوں گے- اس سے پہلے یمن سے متعلق کویت مذاکرات اٹھارہ اپریل کو ہونے والے تھے لیکن یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے سعودی عرب کے ذریعے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر احتجاج کرتے ہوئے مذاکرات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا-
واضح رہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ یمن کی آئندہ عبوری حکومت میں سعودی ایجنٹ کی حصہ داری کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی- یمن کی عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ وہ یمن کی خود مختاری اور اقتدار اعلی اور اسی طرح یمنی عوام کی قربانیوں پر کوئی سودا نہیں کرے گی-