جنیوا مذاکرات میں شام کی موجودگی پر تاکید
شام کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شام جنیوا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے امن مذاکرات جاری رکھے گا۔
شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے جمعرات کے روز جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کو ایک راہ حل تک پہنچنے اور ان مذاکرات سے مخالفین کے نکلنے کے باوجود جاری رکھے گا۔
فیصل مقداد نے اسی طرح اس بات پر زور دیا کہ شام کی حکومت اپنے عوام کے لیے انسان دوستانہ امداد، جہاں بھی انھیں ضرورت ہو گی، ارسال کرے گی۔
شام کے نائب وزیر خارجہ نے اپنے دورہ پراگ کے دوران جمہوریہ چیک کے وزیر خارجہ لوبومیر زورالک اور نائب وزیر خارجہ مارٹن ٹلاپا سے ملاقات کی ہے۔
واضح رہے کہ بحران شام شروع ہونے کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شام کے نائب وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے کسی رکن ملک کا دورہ کیا ہے۔
جمہوریہ چیک یورپی یونین کا واحد رکن ملک ہے کہ جس کا سفارتی مشن دمشق میں کام کر رہا ہے اور وہ شام میں امریکہ اور دیگر یورپی ملکوں کے مفادات کی نگرانی بھی کر رہا ہے۔