غزہ میں اسرائیل کے ایک ہزار مسلح کرائے کے ایجنٹ سرگرم: مصری ذرائع
مصر کے سیکورٹی اور فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے ایک ہزار مسلح کرائے کے ایجنٹ سرگرم ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مصر کے سیکورٹی اور فوجی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی حمایت یافتہ تقریباً ایک ہزار کرائے کے مسلح ایجنٹ سرگرم ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مصری سیکورٹی اور فوجی ذرائع نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ غزہ کی پٹی میں کرائے کے مسلح گروہوں نے، جن کو غاصب اسرائیلی حکومت کی فوجی حمایت حاصل ہے، جنگ بندی کے بعد سے علاقے میں اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یاسر ابو شباب غزہ میں غاصب فوج کے کرائے کے ایجنٹوں میں سے ایک تھا جو حال ہی میں نامعلوم افراد کے حملے میں مارا گیا تھا۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ابو شباب کو غزہ کی پٹی کے اندر نامعلوم افراد نے ہلاک کیا تاہم ابھی تک اس حملے میں ملوث افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
دریں اثنا، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے کرائے کے ایجنٹ یاسر ابو شباب جس انجام کو پہنچا وہ ہر اُس شخص کا یقینی انجام ہے جو اپنی قوم اور اپنے وطن سے غداری کرکے غاصب و قابض قوتوں کے ہاتھوں کا کھلونا بن جائے۔
فلسطینی مزاحمتی کمیٹی نے بھی ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے کرائے کے ایک ایجنٹ یاسر ابو شباب کا قتل غاصب حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والوں کے لیے واضح پیغام ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel