سعودی عرب سے وابستہ شامی مخالفین سے براہ راست مذاکرات کرنے سے دمشق حکومت کا انکار
شامی حکومت نے سعودی عرب سے وابستہ شامی مخالفین سے براہ راست مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا۔
شامی حکومت کے مذاکراتی وفد کے سربراہ بشار الجعفری نے جنیوا میں ایک بیان میں کہا ہے کہ شامی حکومت، دہشت گردوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں کر سکتی- ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے وابستہ مخالفین کے گروہ کے وفد کا سربراہ محمد علوش ایک دہشت گرد گروہ کا رکن ہے، جس نے دمشق میں غیر ملکی سفارت خانوں پر مارٹر گولوں سے حملے کئے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ اسی دہشت گرد گروہ نے دمشق کے انجینیئرنگ کالج کے طلبا کو بھی قتل کیا تھا-
شامی حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بشار الجعفری نے کہا کہ شامی حکومت کے مخالفین میں صرف ایک گروہ اپنے آپ کو سبھی مخالف گروہوں کا نمائندہ نہیں کہہ سکتا- ان کا کہنا تھا کہ روسی فوجی، شام کے اتحادی اور دوست کی حیثیت سے مشترکہ ضمانت کی بنیاد پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے شام آئے ہیں-