May ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • شام کی حکومت اور مخالفین، عبوری حکومت کی تشکیل پر متفق

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا نے کہا ہے کہ شام کی حکومت اور مخالفین نے عبوری حکومت کی تشکیل پر اتفاق کر لیا ہے۔

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا نے ایک دستاویز جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ حکومت شام اور مخالفین کے مذاکراتی وفود نے عبوری حکومت کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دستاویز کی رو سے ، شامی حکومت کے مذاکراتی وفد نے ، ملک میں عبوری حکومت کے قیام کے بارے میں اپنے نظریات کو کھل کر بیان کردیا ہے جس میں نئے آئین کی تدوین اور تمام فریقوں اورغیر جانبدار لوگوں پر مشتمل قومی حکومت کے قیام کے لیے واضح مکینیزم وضع کرنے پر زو دیا گیا ہے۔

اسٹیفن ڈی مستورا نے کہا کہ مخالفین کے مذاکراتی وفد نے بھی عبوری حکومت کی تشکیل سے اتفاق کر تے ہوئے ایک مکمل اور بااختیارعبوری حکومت کے قیام پر زور دیا ہے۔

اسٹیفن ڈی مستورا کے مطابق اس دستاویز میں فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسٹریٹیجک معاملات، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل، ملکی سرحدوں اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرنے اور اجتماعی سیکورٹی کے قیام کے لیے غیر جانبدارانہ ماحول کی تیاری کے بارے میں بھی اپنا اپنا موقف واضح کریں ۔

شام کے بارے میں امن مذاکرات بدھ کے روز جنیوا میں ختم ہوگئے تھے اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹفین ڈی مستورا نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ، امن مذاکرات کے اگلے دور کے انعقاد کی غرض سے ماحول کو سازگار بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔

ایسے وقت میں جب شام کی حکومت اور مخالفین نے عبوری حکومت کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے، قطر نے دہشت گردوں کی حمایت کی غرض سے ترکی، فرانس، اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونی بات چیت کی ہے۔

حکومت قطر نے حلب میں شامی فوج کے ہاتھوں بدترین ہزیمت سے دوچار دہشت گردوں کی زیادہ سے زیادہ حمایت کی غرض سے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

قطر کے اقدامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے روس کی وزارت خارجہ نے حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے حملوں کی حمایت کااعلان کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حلب میں شامی فوج کا آپریشن ، مرکزی حکومت کی دہشت گردی مخالف مہم کا حصہ ہے۔

ادھر دہشت گرد گروہوں نے اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کے لیے ، حلب کے رہائشی علاقوں پرحملے تیز کردیئے ہیں۔ جس میں کافی تعداد میں عام شہری مارے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب روسی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے حلب کے نواحی علاقوں العیس اور تل العیس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

درایں اثنا شام کی فوج نے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں اچانک حملہ کرکے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک اور غوطہ شرقیہ کے جنوبی علاقے کو آزاد کرالیا ہے۔ حماہ کے علاقے میں شامی فوج نےالعلیہ ٹاؤن کو دہشت گردوں کے قبضے سے آ زاد اور درجنوں داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

صوبہ لاذقیہ میں بھی شامی فوج نے جبل زویقات سمیت دو اہم اور اسٹریٹیجک پہاڑیوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

ٹیگس