غزہ پٹی میں دھماکہ، ایک فلسطینی شہید دو زخمی
May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۲ Asia/Tehran
غزہ میں ایک بم دھماکے میں ایک فلسطینی شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطین الیوم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے علاقے الشجاعیہ کا رہنے والا تیس سالہ فلسطینی جبالیا میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہو گیا۔ اس دھماکے میں دو فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
اس سے قبل تنظیم آزادی فلسطین سے وابستہ عبداللہ الحورانی تحقیقاتی مرکز نے اپریل دو ہزار سولہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی فہرست جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں دریائے اردن کے مغربی کنارے، قدس اور غزہ پٹی میں دو سو ستر فلسطینی زخمی ہوئے ہیں کہ جن میں پچاسی بچے شامل ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے لے کر اب تک تقریبا دو سو پندرہ فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں فلسطینیوں کو زخمی اور گرفتار کیا ہے۔